نیو ہیون،28؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کی سب سے سینئر ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے یہاں رومانیہ کی مونیکا نکلیسک کے ساتھ کنیکٹی کٹ اوپن میں ڈبلز خطاب اپنے نام کیا جس سے کل سے یہاں شروع ہونے والے امریکی اوپن گرینڈسلیم ٹورنامنٹ سے پہلے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ثانیہ اور نکلیسک نے یوکرین کی قطرینہ بوڈاریکو اور تائیوان کی چوانگ چیا جنگ کی جوڑی کو ایک گھنٹے 30منٹ تک چلے فائنل مقابلے میں براہ راست سیٹ میں 7.5، 6.4سے شکست دی۔ثانیہ اور نکلیسک نے حال ہی میں دوبارہ جوڑی بنائی ہے اور پہلا خطاب اپنے نام کیا۔انہوں نے آخری بار 2010میں جوڑے بنائی تھی اور ویسٹرن اینڈ جنوبی اوپن کے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا،تب الگ ہونے سے پہلے دونوں نے ایک ٹورنامنٹ اور ساتھ میں کھیلا تھا۔یہ خطاب اپنے نام کرنے کے باوجود ثانیہ اور نکلیسک نے صاف کیا کہ یہ شراکت داری صرف ایک مختصر وقت کے لئے ہی ہے اور دونوں امریکی اوپن میں اپنی باقاعدہ جوڑی دارو کے ساتھ ہی کھیلیں گی۔
دنیا کی نمبر ایک ثانیہ نے گزشتہ رات میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ میں باربورا سٹرایکووا کے ساتھ کھیلوں گی۔وہیں نکلیسک نے کہا کہ میں وانیا کنگ کے ساتھ کھیلتی ہوں لیکن میں نے کہا کہ میں امید لگائے ہوں کہ یہ ہمارا ایک ساتھ آخری ٹورنامنٹ نہیں ہوگا۔اس ٹورنامنٹ میں ثانیہ کے ساتھ جوڑی بنانے کے بارے میں پوچھنے پر نکلیسک نے کہا کہ میں نے سنسناٹی میں ثانیہ سے پوچھا تھا،مجھے لگا تھا کہ شاید وہ یہاں کھیلنا چاہتی ہے،میں نے اس سے پوچھا،جب اس نے ہاں کہا تو میں کافی پرجوش ہوگئی،اب ہم نے ٹورنامنٹ جیت لیا ہے تو میں خوش ہوں کہ میں نے اس سے پوچھا تھا۔